پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا مشتبہ کیس ،چینی شہری ملتان کے اسپتال منتقل

358

ملتان + اسلام آباد+ بیجنگ (خبر ایجنسیاں) پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مشتبہ کیس سامنے آگیا‘ متاثرہ چینی شہری ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا‘ چینی باشندے فانگ فان کے خون کے نمونے بیرون ملک ٹیسٹ کے لیے اسلام آباد بھیج دیے گئے‘ محکمہ صحت نے ہائی الرٹ جاری کردیا‘ چائنیز کیمپ میں مقیم چینی اور مقامی افراد کی معلومات جمع کرلی گئیں‘ ڈاکٹر کے مطابق متاثرہ چینی شہری صحتیاب ہو رہا ہے‘ چین میں پاکستانی سفارتخانے نے وہاںمقیم ہم وطنوں کو محکمہ صحت کی ہدایت پر عمل کرنے کا کہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابقکورونا وائرس کے شبے میں نشتر اسپتال میں زیر علاج چینی باشندے کے خون کے نمونے اسلام آباد بھجوائے جانے کے بعداس کے قریب رہنے والے تمام افراد کے نمونے بھی حاصل کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت کی ٹیمیں ملتان میں واقع چائنیز کیمپ میں پہنچ گئیں اور چینی باشندوں کے علاوہ ان کے ساتھ رہنے والے ڈرائیوروں، مترجم اور باروچی کے بارے میں بھی معلومات جمع کرلی گئیں۔ کیمپ میں رہنے والوں کی نقل و حرکت بھی محدود کردی گئی ہے۔ چین میں دہشت پھیلانے والے کورونا وائرس کے شبے میں جمعے کو رات گئے انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان سے 40 سالہ چینی باشندے کو نشتر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ مریض فانگ فان چند روز قبل چین کے شہر (ووہان) سے واپس لوٹا تھا اور 2 روز سے بخار میں مبتلا تھا جس پر اسے نشتر اسپتال کے آئی سو لیشن وارڈ منتقل کر کے نمونے گزشتہ روز نیشنل انسٹیٹیوٹ آف اسلام آباد بھجوا دیے گئے ہیں۔اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف اسلام آباد سے یہ نمونے چینی سفارت خانے کے ذریعے تشخیص کے لیے بیروت یا ہانگ کانگ بھجوائے جائیں گے۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا نے ہفتے کے روز ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ فانگ فان کو عام نزلہ زکام اور گلے کی خرابی کے ساتھ نشتر اسپتال لایا گیا تھا‘ تاہم فانگ فان کو گلہ خرابی اور زکام کی ادویات دینے سے افاقہ ہوا ہے اور مریض تیزی سے صحتیابی کی جانب گامزن ہے‘ قوی امکان یہی ہے فانگ فان کورونا وائرس کا شکار نہیں ہے۔ ملتان میں اس حوالے سے محکمہ صحت کو ہائی الرٹ کردیاگیا۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز محکمہ صحت کے افسران کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں اس بیماری کے حوالے سے خدشات اور حفاظتی انتظامات پر غور کیا گیا۔ ملتان میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے چینی باشندوں کے کیمپ میں جاکر جوا سکریننگ کی تھی اس بارے میں بھی حکام کو آگاہ کیاگیا۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد کو بھی صورتحال سے لمحہ لمحہ باخبر رکھاگیا۔علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر چینی شہر ووہان میں 500 پاکستانی طالب علموں کی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے۔ پاکستان میں انتظامیہ نے وائرس کو روکنے کے لیے ائرپورٹس پر اسکریننگ کا عمل شروع کررکھا ہے۔ چین سے پھیلنے والے ہلاکت خیز کورونا وائرس کے دیگر ممالک تک پہنچنے کے بعد بیجنگ میں موجود پاکستانی سفارتخانے نے چین میں مقیم پاکستانیوں کے لیے انتباہ جاری کردیا اوروہاں مقیم پاکستانی طلبہ اور دیگر پاکستانی افراد کو چین کے محکمہ صحت کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔