ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) گوٹھ خان محمد بوذدار میں لگائے جانیوالے آر او پلانٹ میں چوری کی بجلی سے چلائے جانے والی خبریں جھوٹی، من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، ڈپٹی کمشنر رشید احمد زرداری، علاقہ مکینوں نے خبر کو صاف پانی سے محروم کرنے کی سازش قرار دے دیا۔ گزشتہ روز پیپلز پارٹی ایم این اے عبدالستار بچانی، ڈپٹی کمشنر رشید احمد زرداری نے گوٹھ خان محمد بوزدار میں او جی ڈی سی ایل اور یونائیٹڈ انرجی کے تعاون سے سولر سسٹم پر چلنے والے آر او فٹلر پلانٹ کا افتتاح کیا تھا، جس پر میڈیا نے بجلی چوری اور کرپشن کے حوالے سے خبر نشر اور شائع کی، جس پر ڈپٹی کمشنر نے اپنے جاری کردہ اعلامیہ کے تحت کہا کہ ٹنڈوالہیٰار کے گوٹھ خان محمد بوزدار میں او جی ڈی سی ایل اور یونائیٹڈ انرجی کے تعاون سے آر او پلانٹ لگائے گئے ہیں، جن کا افتتاح مقامی ایم این اے ذوالفقار ستار بچانی نے کیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے افتتاح کے بعد میڈیا میں آر او پلانٹ کو چوری کی بجلی سے چلانے کی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹ پر مبنی، من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ضلع ٹنڈوالہٰیار میں جتنے بھی آ ر او پلانٹ لگائے گئے ہیں وہ تمام سولر کے ذریعے چلائے جاتے ہیں۔ اس قسم کی جھوٹی خبریں چلانا درست نہیں اور تمام آر او پلانٹ صرف سولر پر چلتے ہیں۔ بجلی سے نہیں پھر بھی ہم اس معاملے کی تحقیقات کریں گے۔ دوسری جانب گوٹھ خان محمد کے مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ میڈیا کے نمائندوں نے چوری سے آر او پلانٹ چلانے کی جھوٹی خبریں چلائی ہیں۔