لاڑکانہ، دو مختلف حادثات میں 7 سالہ بچی جاں بحق، دو افراد زخمی

101

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) رشید وگن روڈ پر دو مختلف حادثات میں 7 سالہ بچی جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ رشید وگن کے قریب تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹکر سے روڈ کراس کرتے ہوئے 7 سالہ بچی رشیدہ کورائی موقع پر دم توڑ گئی۔ پولیس نے موٹر سائیکل سوار شخص کو گرفتار کرکے لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی۔ دوسری جانب رشید وگن کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل اور لوڈر چنگ چی میں ٹکر کے نتیجے میں ضعیف شخص غلام رسول مغیری اور نوجوان فقیر محمد بھٹی شدید زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں لاڑکانہ میں قتل ہونے والے پرائمری ٹیچر محمد ایوب بروہی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف ورثا نے ایس ایس پی چوک پر دھرنا دے کر شدید نعرے بازی کی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ اس موقع پر مقتول کے بھائی علی گل بروہی، امام بروہی اور دیگر کا کہنا تھا کہ 9 جنوری کو چار ملزمان نے ہمارے بھائی کو بے گناہ گولیوں سے چھلنی کرکے قتل کیا جس میں ملوث دو جوابدار رشید وگن تھانے پر گرفتار ہوچکے ہیں باقی دو آزاد جوابدار مقدمہ خارج کرنے کے لیے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی لاڑکانہ سے اپیل کی کہ مقدمے میں نامزد تمام ملزمان کو گرفتار کرکے تحفظ فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب تھانہ سول لائن پولیس نے مظاہرین کو قاتلوں کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی کروائی جس پر دھرنا ختم کیا گیا۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے ایس ایس پی چوک پر اپنے مسائل کے متعلق دھرنا دینے والوں کو خبردار کیا کہ آئندہ دھرنوں اور احتجاج سے گریز کریں بصورت دیگر ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس حوالے سے ایس ایس پی مسعود احمد بنگش کا کہنا ہے کہ شہری اپنے مسائل کے متعلق حد کے تھانوں، ایس ایچ اوز، ڈی ایس پیز، مددگار بیس ون فائیو، پولیس کنٹرول اور ایس ایس پی آفس سے رابطہ کرنے، دھرنا دے کر روڈ بلاک کرنا غیرقانونی عمل ہے، جس سے گریز کیا جائے بصورت دیگر ایسے افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔