سراج الحق کی اپیل پر آج ملک بھر میں مہنگائی کیخلاف احتجاج ہوگا

620

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے بدترین مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف آج ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک بھر میںمہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت تما م ضلعی و زونل ہیڈکواٹرز پر مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے،جلسے جلوس اور ریلیاں منعقد کرے گی جن میں جماعت اسلامی کے کارکنوں سمیت ہزاروں افراد شرکت کریں گے ۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق اور نائب امیر میاں محمد اسلم اسلام آباد میںہونے والے احتجاجی مظاہرے کی قیادت اور خطاب کریں گے ۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد ملتان روڈ پرہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کریں گے۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان پشاور پریس کلب کے سامنے ، سیکرٹری جنرل جنوبی پنجاب صہیب عمار صدیقی کچہری چوک ملتان میں مہنگائی و بے روزگاری کے خلا ف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کریں گے ۔جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام 5 مقامات پر بڑے عوامی احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جن سے جماعت اسلامی کے مقامی رہنما خطاب کریں گے ۔

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی و بے روزگاری ، بجلی و گیس ، آٹے و چینی سمیت دیگر اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر آج ملک گیر سطح پر احتجاج اور مظاہرے ہوں گے ۔ جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی ،حیدرآباد ،سکھر، نوابشاہ، میرپورخاص ٹنڈوآدم شکارپور،جیکب آباد اور لاڑکانہ سمیت دیگر مقامات پر مظاہرے ہوں گے،جن سے صوبائی، ضلعی اور مقامی قائدین خطاب کریں گے۔جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ مہنگائی،بے روزگاری اور حکومتی بے حسی کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت مظاہروں میں بھرپور شرکت کرکے اپنی بیداری کا ثبوت دیں۔کراچی میں بھی تمام اضلاع میں اہم پبلک مقامات پر مظاہرے کیے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں مرکزی مظاہرہ بعد نماز ِ جمعہ (1:45بجے دن ) مسجد نعمان لسبیلہ چوک پر ہو گا ۔ جس سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر و امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈووکیٹ خطاب کریں گے ۔دریں اثنا جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری عبد الوہاب نے امرائے اضلاع اور دیگر ذمے داران کو ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع مظاہروں کے انعقاد کو یقینی بنائیں اور عوامی مسائل اور احساسات و جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے حکومت کے خلاف عوام کی آواز بنیں ۔ انہوں نے اہل کراچی سے بھی اپیل کی کہ مظاہروں میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں ۔جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت گلشن اقبال بلاک 10 اے میں مسجد حبیب النسا اور گلشن جمال مسجد ،یوسی 21اور 24 میں مسجد اقصیٰ اور مدینہ مسجد ، یوسی 28 اور 29 میں ابراہیم مسجد ملک سوسائٹی، مسجد بیت المقدس فاریہ چوک ،بلال مسجد اور لال مسجد اسکائوٹ کالونی ،یوسی 30 میں مسجد قبا محمد خان گوٹھ اور مدینہ مسجد صفورا گوٹھ کے باہر مظاہرے ہوں گے۔ امیر ضلع شرقی سید شاہد ہاشمی نے کارکنوں کو بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے۔جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت آج بنارس،اورنگی ٹائون،بلدیہ،شیر شاہ اور منگھوپیر سمیت ضلع بھرمیں احتجاجی مظاہرے کیے جائیںگے۔مظاہروں سے امیر جماعت اسلامی ضلع غربی محمد اسحاق خان ، نائب امیر فضل احد،خالد زمان شیخ ،عثمان اعوان و دیگر قائدین خطاب کریںگے۔