رینٹل پاور ریفرنس، راجا پرویز اشرف نے بریت کی درخواست دائر کردی

134

اسلام آباد (صباح نیوز) رینٹل پاور ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے بریت کی درخواست دائر کردی۔ جمعرات کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں رینٹل پاور ریفرنس کی سماعت ہوئی، نیب پراسیکیوٹر عثمان مسعود اور راجا پرویز اشرف کے وکیل ارشد تبریز پیش ہوئے۔ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے اپنی بریت کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ نیب کے ترمیمی آرڈیننس 2019ء کی روشنی میں انہیں ریفرنس سے بری کیا جائے۔ جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور کیس کی مزید سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب غیر قانونی پلاٹس کی الاٹمنٹ کے کیس میں سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 فروری تک توسیع کردی گئی۔ واضح رہے کہ ملزمان پر ریشماں پاور پلانٹ میں 38 کروڑ، گلف پاور پلانٹ میں 49 کروڑ اور ینگ جنریشن میں 43 کروڑ روپے کی مبینہ خورد برد کا الزام ہے۔