چور چور کا شور مچانے والے اب کیا جواب دیں گے،شہباز شریف

90

لندن(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ( ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن بڑھ گئی ہے، یہ ناکام ترین حکومت اور عمران خان ناکام ترین وزیر اعظم ہیں۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں کرپشن بڑھ گئی، نواز شریف کے دور میں حالات بہتری کی جانب گامزن تھے،سابق وزیراعظم کی حکومت شفافیت کے حوالے سے بہتر تھی، چور چور کا شور مچانے والے اب کیا جواب دیں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہر محاذ پر ناکام ہونے کے بعد روٹی کا نوالہ چھین لیا گیا، آٹے بحران کے ذمے داروں کا پتا لگایا جائے، ہمارے دور میں آٹے کے کثیر ذخیرے ہوتے تھے، تحریک انصاف کی موجودہ حکومت ناکام ترین حکومت اور وزیراعظم عمران خان ناکام ترین وزیر اعظم ہیں، جتنی جلدی ان سے جان چھڑائیں گے پاکستان کے لیے اتنا ہی بہتر ہو گا۔