سکھر (نمائندہ جسارت) جے یو آئی یونٹ روشن آباد کی جانب سے کمر توڑ مہنگائی، آٹے و چینی کے بحران، علاقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی کیخلاف روہڑی کندھرا لنک روڈ پر ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس کی قیادت تعلقہ روہڑی کے ناظم علامہ عبدالرزاق برڑو، مولانا عبدالتواب گھانگھرو، محمد عالم شیخ اور دیگر کررہے تھے۔ مظاہرین نے بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالرزاق برڑو اور دیگر نے کہا کہ ملک میں انتہائی مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ حکومت کی انتہائی نااہلی اور ناکامی ہے کہ آج ایک زرعی ملک کے عوام آٹے کیلیے حیران و پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپتان دوسری جماعتوں کو مافیا کہتے تھے مگر آٹے اور چینی کے بحران سے ثابت ہوا کہ آج پی ٹی آئی خود بڑی مافیا بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لیڈر کے تمام دعوے جھوٹ اور دھوکا نکلے، موجودہ حکومت نے عوام کو تبدیلی کے نام پر سبز باغ دیکھا کر مہنگائی، بیروزگاری اور بدامنی کا عذاب مسلط کر دیا ہے۔ اب مزید دھوکے میں رکھنے کے بجائے اقتدار چھوڑ دے، جے یو آئی رہنمائوں نے علاقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے کندھرا اور روہڑی کے دیہاتی علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں بے حد اضافہ ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کی نیندیں بھی حرام ہوگئی ہیں، لوگ رات بھر جاگ کر گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے وفاقی صوبائی حکومتوں اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور بدامنی کا خاتمہ کرنے کیلیے موثر اقدامات کر کے عوام کی پریشانی دور کی جائے اور عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔