مولانا فضل الرحمن کا لاہورسے آئین پاکستان تحفظ تحریک کااعلان

166

اسلام آباد(آئی این پی)جمعیت علمااسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے کہا ہے کہ فوجی ترمیمی ایکٹ پر اپوزیشن کی 2بڑی جماعتوں نے حکومت کا ساتھ دیا‘ووٹ کی عزت کو پامال کیا گیا،ووٹ کو عزت کے بیانیہ کی نفی کی گئی، 19مارچ کو لاہور میں آئین پاکستان تحفظ تحریک کے آغاز کریں گے جس کے تحت چاروںصوبوں میں کنونشن کیے جائیںگے ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے آٹا مہنگا ہورہا ہے وزرا عام آدمی کا مذاق اڑا رہے ہیںوزرا کا تمسخر ناقابل برداشت عمل ہے ہم آزادی مارچ سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوںنے اپنی رہائش گاہ پر متحدہ اپوزیشن میں شامل جماعتوںکے سربراہان کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن، اورعوامی نیشنل پارٹی کی قیادت کو مدعو نہیں کیا گیا تھا اجلاس میںپشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی ، ، جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر، قومی وطن پارٹی ،نیشنل پارٹی ،جے یو آئی اور جے یو پی کے رہنمایوںنے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔