کراچی ( اسٹاف رپورٹر) مومن آباد میں الیکٹرانکس کی دکان لوٹنے والے ڈاکوﺅں اور پولیس کے درمیان مقابلے میں دوڈاکو مارے گئے۔جبکہ ایک شہری زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیر کی شب مومن آباد تھانے کی حدود سیکٹر دس اورنگی ٹاﺅن میں چار مسلح ڈاکوﺅں نے عبداللہ الیکٹرانکس کی دکان میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی ۔
فائرنگ کی آواز پر قریب ہی گشت پر موجود اہلکار موقع پر پہنچے تو ملزمان نے پولیس پر بھی فائرنگ کی تاہم جوابی فائرنگ سے دو ملزمان مارے گئے جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور ایک موٹر سائیکل ،پرس اور چھینی گئی نقدی برآمد کرلی گئی۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کی عمریں 30سے 35سال کے درمیان ہیں اور ان کی شناخت کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔