دادو ماروی کالونی میں سہولیات کا فقدان، مکینوں کا احتجاج

106

دادو (نمائندہ جسارت) سہولیات کے فقدان سے شہری شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، شہریوں کی حلقے کے رکن صوبائی اسمبلی کو شکایات کی تو رکن علاقہ مکینوں کے پاس پہنچے، شکایات سنیں اور مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ دادو شہر کے گنجان آبادی والے علاقے ماروی کالونی میں سہولیات کی قلت کے باعث حلقے کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی پیر مجیب الحق کو شکایات کی تو وہ شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے علاقے کا دورہ کرنے پہنچ گیا، علاقہ مکینوں سعید پنہور، نظام الدین، محرم علی شینو اور دیگر نے شکایات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے علاقے میں بجلی، گیس سمیت تمام بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، جس کے باعث ہماری زندگیاں اجیرن ہوگئی ہیں۔ ایم پی اے نے علاقہ مکینوں کے مسائل سنے اور تمام گلیوں کا دورہ کرکے شکایات نوٹ کیں۔ ایم پی اے پیر مجیب الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ مکینوں کی تمام شکایات سنی اور نوٹ کی ہیں، شکایات کے ازالے کے لیے وزیر اعلیٰ کو ارسال کریں گے اور تمام جلد مکینوں کی شکایات دور کی جائیں گی، میں اپنے حلقے کے ووٹرز کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیں ہر بار ووٹ دے کر کامیاب کیا ہے اور ہمارا شہریوں کے مسائل اپنا فرض سمجھ کر حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں، پہلے بھی عوام کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ علاوہ ازیں ڈی ایچ اسپتال دادو میں سہولیات کے فقدان کیخلاف شہریوں کا 45 ویں روز بھی احتجاج جاری۔ ڈی ایچ کیو اسپتال میں سہولیات کے فقدان کیخلاف شہریوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کا مشترکہ احتجاج 45ویں روز بھی جاری ہے۔ مظاہرین گل مہران ڈاوچھ، اسلم کھرل، سکندر بھٹو نے جی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں سہولیات کا فقدان برقرار ہے۔ اسپتال شہریوں کے لیے وبال جان بن گیا ہے۔ اسپتال میں 142 ڈاکٹر ہیں، جن میں صرف 15 ڈاکٹر ڈیوٹی کررہے ہیں۔ اسپتال میں سہولیات فراہم کی جائیں اور ڈاکٹروں کو ڈیوٹی کا پابند بنایا جائے۔ مظاہرین نے چیف جسٹس، وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ سندھ سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔