جھنگ: پارکوپائپ لائن سے تیل کی چوری کا مقدمہ وکلا کی ہڑتال کی نذر

162

جھنگ (آن لائن) پارکو آئل پائپ لائن سے 20 ارب روپے تیل چوری کا مقدمہ جھنگ بار کے وکلا کی ہڑتال کی نذر ہو چکا ہے، 3 ماہ گزرنے کے باوجود تیل چوری میں ملوث سابق ایم این اے شیخ وقاص اکرم کے بھائی کی عبوری ضمانت کی سماعت بھی نہیں ہو سکی ہے، مقدمہ اکتوبر میں درج ہوا تھا جس کے بعد ملز مان شیخ شیراز ودیگر نے مقامی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی تھی، ملزمان کے وکیل نول جو بار کے سابق صدر ہیں اپنا اثر ورسوخ استعمال کرتے ہوئے عدالت میں اسی دن مقدمہ سماعت کے لیے مقرر کراتے ہیں جب وکلا ہڑ تال کرتے ہیں۔ مقدمہ نمبر19/520 میں درجن سے زائد ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے، ملزمان میں سابق ایم این اے شیخ وقاص اکرم کا بھائی شیخ شیراز بھی شامل ہے، ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے پارکو پائپ لائن کے اوپر پولٹری فارم تعمیر کیا اور پائپ لائن سے سوراخ کر کے تیل چوری کرکے پیٹرول کمپنیوں کو فروخت کرتے تھے۔ پارکو کے ایڈمن خالد پولیس نے کے ہمراہ چھاپہ مار کر ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا تاہم کچھ ملزمان جن میں شیخ شیراز بھی شامل تھا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے جنہوں نے بعد میں عبوری ضمانت حاصل کر لی تھی۔ پارکو کے ایڈمن خالد نے بتایا کہ وہ ہر تاریخ پر عدالت میںحاضر ہوتے ہیں لیکن مقدمے کی سماعت نہیں ہوتی، انصاف کا قتل کیا جارہا ہے، عدالت عالیہ اس حوالے سے بھی اقدامات کرے۔ ذرائع کے مطابق پارکو ریفائنری دبئی اور پاکستان کا مشترکہ منصوبہ ہے اور20ارب تیل چوری کے واقعے پر دبئی حکومت نے بھی نوٹس لیا ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت انصاف اس مقدمے کو دوسری عدالت میں بھی منتقل کرانے کا سوچ رہی ہے تاکہ ملزمان کو سزا دلائی جا سکے۔