سکھر، ملوں میں گنے کی ترسیل کے دوران موٹر وے پولیس کی بہترین کارکردگی

317

سکھر (نمائندہ جسارت) آئی جی موٹر وے اے ڈی خواجہ اور ایڈیشنل آئی جی موٹر وے سندھ ڈاکٹر آفتاب پٹھان کے واضح احکامات کے بعد پورے ملک کی طرح سندھ بھر میں رواں سال گنے کی کریشنگ کے سیزن میں ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کی زیر نگرانی موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر نے دن رات انتھک محنت اور بہترین حکمت عملی کی بدولت ٹریکٹر ٹرالیوں کے ذریعے ملوں میں گنے کی ترسیل کے دوران روڈ بلاک اور ان کی وجہ سے روڈ حادثات پر قابو پانے میں مصروف عمل ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو نے مل مالکان، ڈپٹی کمشنر صاحبان سے میٹنگ بھی کیں، جبکہ ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈرائیور حضرات کو موٹر وے پولیس کی جانب سے دن رات ٹریفک قوانین اور دوران ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر کے بارے میں خاص ہدایات جاری کیں، جس کی بدولت اس سال روڈ حادثات اور روڈ بلاک جیسے سنگین مسئلے پر قابو پانے میں مصروف عمل ہیں، واضح رہے کہ رواں سال موٹر وے پولیس نے بہترین اقدامات کیے اور عام عوام کے سفر کو سہل بنایا۔ ایس ایس پی موٹر وے سکھر غلام سرور بھیو نے سکھر سیکٹر کے تمام ڈی ایس پی صاحبان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ رواں سال گنے کی کریشنگ کے سیزن میں ٹریکٹر ٹرالیوں کے ذریعے ملوں میں گنے کی ترسیل کے موقع پر شوگر مل انتظامیہ سمیت لوکل ایڈمنسٹریشن سے رابطہ رکھیں تاکہ گنے کی لوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں کی وجہ سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جاسکیں۔