جج پُر اعتماد ہو کر میرٹ کے مطابق فیصلے کریں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

397

لاہور (نمائندہ جسارت) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مامون رشید شیخ نے کہا ہے کہ ججوں کو اپنے آپ پر اعتماد ہونا چاہیے اور وہ پر اعتماد انداز میں عدالت چلائیں، ریسرچ ورک کواپنائیں اور میرٹ کے مطابق فیصلے کریں، محض ذاتی پسند نا پسند اور کسی قسم کا بھی دباؤ فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے بلکہ تمام فیصلے قانون و آئین کے مطابق میرٹ پر ہونے چاہییں، انہوں نے کہا کہ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی ججوں کو بہترین تربیت فراہم کر رہی ہے، تربیتی کورسز میں ریسرچ متھیڈالوجی کو بھی شامل کیا گیا ہے، ریسرچ متھیڈالوجی پوری دنیا میں رائج ہے، توقع ہے کہ اکیڈمی سے سیکھا ہوا علم عملی زندگی میں کام آئے۔ وہ ہفتے کو پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں جنرل ٹریننگ پروگرام کے تحت نویں تربیتی کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عبدالستار، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری اشتر عباس، ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی حبیب اللہ عامر اور سیشن جج ہیومن ریسورس ساجد علی اعوان سمیت اکیڈمی کے فیکلٹی ممبران، افسران اور تربیتی کورس مکمل کرنے والے ایڈیشنل سیشن ججوں اور سول جج بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تربیت اور ٹریننگ کا بالواسطہ تعلق عام سائلین کے ساتھ ہے، جس کی بنا پر بہترین فیصلوں کی بدولت عدلیہ اور ججوں کے عزت و وقار میں اضافہ ہوگا۔ فاضل چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی جانب گامزن ہیں، دنیا جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے استفادہ کر رہی ہے۔ ججوں کیلیے ضروری ہے کہ وہ ہر لحاظ سے اپ ٹو ڈیٹ رہیں۔