خصوصی معاشی زونز کا قیام حکومت کی ترجیح ہے، اسد عمر

132

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ اسپیشل اکنامک زونز کا قیام اور اس پر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، آنے والے مہینوں میں سی پیک منصوبوں کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ یہ بات وفاقی وزیر نے جمعہ کو چینی سفیر یائو جنگ سے ملاقات کے دوران خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سی پیک اور اقتصادی تعاون سے متعلق معاملات زیر بحث آئے۔ اسد عمر نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زون مینوفیکچرنگ میں مشترکہ منصوبوں کے قیام کو ممکن بنائے گا جو دونوں اطراف کے کاروباری اداروں کو متحد کرے گا۔ پاکستانی مینوفیکچرنگ صنعتوں کیلیے یہ ضروری ہے کہ چینی کمپنیوں کے ساتھ شراکت کرکے عالمی ویلیو چین کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں تعاون کا فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال پاکستانی معیشت کیلیے انتہائی اہم ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں اور پاکستانی مینوفیکچرنگ صنعتوں کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
اسد عمر