بینظیر انکم سپورٹ کے نام پر ہزاروں لوگوں کو چونا لگایا گیا،خرم شیرزمان

194

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا نیا تماشا دیکھنے کو ملتا ہے۔پیپلز پارٹی ملک دشمن جماعت ثابت ہو رہی ہے،جو اس ملک کا پیسہ کھائے گا وہ ملک دشمن ہے۔بینظیر بھٹو کی ہم سب عزت کرتے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ کے نام پر ہزاروں لوگوں کو چونا لگایا گیا۔20,20 گریڈ تک کے افسران نے بینظیر انکم سپورٹ کے کارڈ حاصل کیے۔افسران نے اپنی بیگمات کے نام پر کارڈ حاصل کر رکھے ہیں۔ہمارے علم میں آیا ہے کہ کچھ وزرا بھی اس کام میں شامل ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکرٹری و رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی، عمران صدیقی اور دیگر موجود تھے۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ آڈیٹر جنرل نے بھی کہا کہ سندھ میں زکوٰۃ کی رقوم میں بھی بے ضابطگیاں ہوئیں۔ہم قوم کے پیسے کھانے والوں کو اسمبلیوں میں کیسے بیٹھنے دیں۔بلاول کو چاہیے کہ اپنی عظیم والدہ کے نام پر جاری اس پروگرام کا نام تبدیل کردیں۔بلاول بھی شرمندہ ہوںگے کہ ان کے لوگ ان کی والدہ کے نام پر کیا کام کر رہے ہیں۔چیف جسٹس ان گھپلوں کا نوٹس لیں اور ملوث افسران کے خلاف نوٹس لیں۔