پاکستان کو امریکا ایران کشیدگی پر تحفظات ہیں،ترجمان دفترخارجہ

858

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان کوامریکا ایران کشیدگی پر تحفظات ہیں،امید ہے دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ میں کمی آئے گی۔

ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح موقف اپنایا ہے کہ پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، خطے میں کشیدگی نہیں چاہتے، پاکستان کوامریکا ایران صورت حال پر تحفظات ہیں، امید ہے دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر خارجہ نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا ہے جبکہ خطے میں کشیدہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں،خطے میں قیام امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے،عراق کا سفر کرنیوالوں کیلئے ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔

عائشہ فاروقی نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر کہا کہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو 158 روز ہوگئے ہیں، 80 لاکھ کشمیریوں کے دنیا سے رابطے کٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے، مقبوضہ وادی میں غذائی قلت پیدا ہو چکی ہے جبکہ ذرائع مواصلات بھی بند ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ کرتار پور راہداری کھولنا وزیراعظم کا وژن ظاہر کرتا ہے جبکہ پاکستان مخالف بھارتی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔