سکھر سے حیدرآباد موٹر وے کی تعمیر سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا

762

نوابشاہ (بیورو رپورٹ) ڈپٹی کمشنر بے نظیر آباد ابرار احمد جعفر نے کہا ہے کہ سکھر سے حیدرآباد موٹر وے کی تعمیر سے علاقے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، عوامی سہولت کے اس منصوبے کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سکھر سے حیدر آباد موٹر وے کی تعمیر کے سلسلے میں ضلع بے نظیر آباد کی حدود میں زمین کی خریداری کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ریجنل ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی رسول بخش ملاح، ڈائریکٹر اطلاعات شفیق حسین میمن، اسسٹنٹ کمشنرز و مختار کاروں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکھر سے حیدر آباد موٹر وے کا ضلع بے نظیر آباد کی حدود میں 59 کلو میٹر کا حصہ شامل ہے، جو ضلع کی چاروں تحصیلوں کی حدود سے گزر رہا ہے۔ عوام کی سہولت کے لیے ضلع میں موٹر وے پر 2 انٹر چینج بھی قائم کیے جائیں گے، اس لیے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر قومی وعوامی مفاد کی اس اسکیم میں آنے والی 14 سو 36 ایکڑ زمین کے کھاتیدار داروں کو مناسب قیمت دلانے کے لیے ورکنگ پیپر تیار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2015ء اور 2016ء میں اس منصوبے کا کاغذی کام کیا گیا تھا، جس کو نظر میں رکھتے ہوئے کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی رسول بخش ملاح نے بتایا کہ سکھر سے حیدر آباد موٹروے کی تعمیر کے سلسلے میں زمین کی خریداری کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے 14 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ سکھر، خیرپور، نوشہرو فیروز، نوابشاہ، مٹیاری اور حیدر آباد اضلاع سے گزرنے والے اس موٹر وے کی تعمیر سے علاقے کے عوام کو قومی سطح پر آمدو رفت میں آسانی ہوگی۔ منصوبے میں آنے والی زمینوں کے مالکان کو ان کی زمین اور فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کا مناسب معاوضہ دیا جائے گا۔ منصوبے پر کام کی نگرانی و ضلعی انتظامیہ سے رابطے کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے 5 ڈپٹی ڈائریکٹر اور 8 اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھی مقرر کیے گئے ہیں۔