لاڑکانہ، تین روزہ عالمی انڈس اسکرپٹ ورکشاپ آج سے شروع ہوگی

157

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) محکمہ ثقافت کی جانب سے موہن جو دڑو میوزیم میں تین روزہ انٹرنیشنل انڈس اسکرپٹ ورکشاپ آج سے شروع ہورہی ہے جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہر آثار قدیمہ شرکت کریں گے۔ ورکشاپ کا افتتاحی اجلاس آج 11 بجے موہن جو دڑو میں ہوگا۔ بعد ازاں ورکشاپ کے سیشن دو روز تک جاری رہیں گے۔ ورکشاپ کا اختتامی اجلاس 11 جنوری ہفتے کے روز صبح 11 بجے ہوگا، جس میں محکمہ ثقافت سندھ کے وزیر سید سردار شاہ، سیکرٹری غلام اکبر لغاری، ڈی جی منظور احمد، چیئرمین ٹیکنیکل کمیٹی نیشنل فنڈ فار موہن جو دڑو ڈاکٹر علیم لاشاری، مائیکل جانسن اور دیگر بیرون ممالک کے ماہرین شرکت کریں گے۔ دوسری جانب سیکرٹری ثقافت سندھ غلام اکبر لغاری اور ڈی جی منظور احمد نے موہن جو دڑو پہنچ کر ورکشاپ کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات بھی دیں۔ ورکشاپ کے موقع پر موہن جو دڑو کو تین روز کے لیے عام سیاحوں کے لیے مکمل طور پر بند رکھا جائے گا جبکہ سیکورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔