لاڑکانہ ،قتل کا جرم ثابت،خاتون سمیت 3 افراد کو سزائے موت

195

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کی عدالت نے قتل کا جرم ثابت ہونے پر مقتول کی بیوی سمیت تین ملزمان کو پھانسی، 9 سال قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ لاڑکانہ کی تھرڈ ایڈیشنل سیشن و ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ کے جج محمد علی قریشی کی عدالت میں سال 2014 میں شہدادکوٹ کے تھانہ اے سیکشن کی حد ڈرب محلہ میں قتل ہونے والے بشیراحمد خشک کے مقدمے کی سماعت ہوئی جہاں قتل کا جرم ثابت ہونے پر عدالت نے کیس میں نامزد مقتول کی بیوی ناہید کھوکھر، نادر کھوکھر اور عبدالغفار خاصخیلی کو پھانسی، 9 سال قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے، دوسری جانب سزا بعد بعد خاتون ملزمہ کو وومین جیل جبکہ دونوں ملزمان کو لاڑکانہ سینٹرل جیل منتقل کیا گیا۔ لاڑکانہ وگن کے قریب تیز رفتار لینڈ کروزر اور رکشے میں ٹکر کے نتیجے میں جیکب آباد شہر کے ایئر پورٹ روڈ علاقے کے رہائشی خیر الدین رند، ان کی اہلیہ گوری خاتون، 13 سالہ بیٹی عمارہ، 5 سالہ بیٹی شیلا، 8 سالہ بچہ محمد حسین، سسر صوبو خان اور رکشہ ڈرائیور نوجوان بھائی خان رند شدید زخمی ہوئے جنہیں آسپاس کے لوگوں نے تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے خیر الدین رند دم توڑ گیا، جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔ زخمیوں کے مطابق وہ سیوہن زیارت کے لیے رکشے میں جارہے تھے کہ وگن روڈ پر تیز رفتار لینڈ کروزر اور رکشے میں ٹکر ہوئی۔ لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کی گئی۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان علی بلوچ نے ضلع شکارپور کے کچے کے علاقے جھلی کلواڑی میں موٹر سائیکل ڈکیتی کے دوران پولیس مقابلے میں ایس ایچ او سمیت تین افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی شکارپور کو ہدایت کی کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے روپوش اور جواریوں سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کرکے نقد رقم اور چوری شدہ سامان برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔ حیدری پولیس نے دوران چیکنگ روپوش ملزم بلاول سانگی کو، رحمت پور پولیس نے دو ملزمان حسنین اور قاسم دستی کو چوری شدہ سامان سمیت، باقرانی پولیس نے جوا کے اڈے پر چھاپا مارکر پانچ جواریوں اسحاق، شبیر، راجا، رمضان اور زبیر چنا کو نقدی سمیت، رحمت پور پولیس نے جوا کے اڈے پر چھاپا مارکر چار جواریوں وقار، رمیز، اختر اور علی چانڈیو کو نقدی سمیت گرفتار کرلیا۔