مجھے ایک بار پھر بغاوت پر مجبور کردیا گیا ہے، جاوید ہاشمی

596

ملتان(آئی این پی)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے آرمی ایکٹ کے ترمیمی بل سے متعلق پارٹی فیصلے سے بغاوت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دکھی دل کے ساتھ اپنی پارٹی کے فیصلے سے متفق نہیں ،ووٹ کو عزت نہیں دی گئی،مجھے ایک بار پھر بغاوت پر مجبور کردیاگیاہے، آج ہمارے ہاتھ باندھ کر انگوٹھے لگوائے گئے، نواز شریف اور مریم نواز کی جنگ یہی ہے مجبوراً یہ راستہ اختیار کرنا پڑا، اس فیصلے سے مسلم لیگ ن کمزور ہوگی۔ آئین اور سویلین کی بالادستی بغیر ملک نہیں چل سکتا۔نواز شریف نے اپنے بیانیے کے لیے قربانیاں دیں لیکن اب ان کی صحت ایک اور جنگ کی متحمل نہیں ہے۔ منگل کوملتان میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ میری جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی آخری سانس تک لڑتا رہوں گا، میں زندگی کے دکھ سے گھبرائوں گا نہیں یہ جنگ جاری رکھوں گا۔50 سال سے سول بالادستی کی جنگ لڑرہا ہوں۔ اس ملک میں سویلین کو ادھ موا کردیاگیا، ملک کی تاریخ میں سویلین بالادستی کا دن نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو پنپنے نہیں دیاگیا،میں نے ایوب خان کے خلاف سب سے پہلے بغاوت کی تھی۔ایوب خان کے دور میں دو بار جیل میں گیا۔ میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری،مجھ پر فالج کی بغاوت پہلی بغاوتوں سے زیادہ تھیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ کے حوالے سے میں دکھی دل کے ساتھ اپنی پارٹی کے فیصلے سے متفق نہیں ہوں۔ مجھے ایک بار پھر بغاوت پر مجبور کردیاگیا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ تقریباً ہر آرمی چیف نے ایکسٹینشن لی، اس قانونی سقم کی عدالت عظمیٰ نے نشاندہی کی۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ آج مسلم لیگ ن پر کڑا وقت ہے اس سے بھی زیادہ ملک پر کڑا وقت ہے، نواز شریف نے ایک بار کہا تھا کہ آپ کا اور میرا بیانیہ ایک ہے،نواز شریف نے اپنے بیانیے کے لیے قربانیاں دیں، نواز شریف کی صحت اب ایک اور جنگ کی متحمل نہیں ہے۔ نوازشریف کی صحت بہت کمزور ہے۔،اگر میاں صاحب کو چوتھی بار اقتدار ملتا ہے تو میں شکرانے کا نفل ادا کروں گا۔