خیر پور کالج کی رجسٹریشن کا مسئلہ جلد حل کیا جائے،اسد قریشی

217

حیدرآباد( اسٹاف رپورٹر)اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے ناظم اسدعلی قریشی نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے خیرپورمیڈیکل کالج کی رجسٹریشن کا معاملہ التواکا شکارہے جس کی وجہ سے کے ایم سی میں زیرتعلیم 600 سے زاید طلبہ غیریقینی کیفیت کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز طلبہ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔اسدعلی قریشی نے مزید کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ادارہ شدید
مشکلات سے دوچار ہے،دورداز سے آنے والے طلبا وطالبات کے لیے کوئی سہولت موجود نہیں ،ادارے میں ضروری مشینری بھی موجود نہیں جبکہ اساتذہ کی کمی کے باعث نصاب،پریکٹیکل اور امتحانات کا سلسلہ بھی شدید متاثرہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سال پہلا بیچ گریجویشن مکمل کرلے گا لیکن ادارے کی رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے کے ایم سی سے فارغ ہونے والے طلبا وطالبات کو کہیں بھی ہاؤس جاب نہیں مل سکے گی۔حال ہی میں اس حوالے سے طلبہ کی جانب سے پرزور تحریک بھی چلائی گئی جس کا وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے نوٹس لیا تاہم صوبائی حکومت کے تمام وعدے جھوٹے ثابت ہوئے ۔ناظم جمعیت نے مطالبہ کیا کہ فی الفور ادارے کی رجسٹریشن کا معاملہ حل کیا جائے،ادارے کو فنڈ فراہم کیے جائیں تاکہ بنیادی ضرورتیں پوری کی جاسکیں۔