لاہور: قومی کرکٹرز کےفٹنس ٹیسٹ دوسرے روز بھی جاری، سابق کپتان سرفراز احمد کی فٹنس میں نمایاں بہتری آنے لگی۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری فٹنس ٹیسٹ کےدوران ہیڈکوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقاریونس نے بھی کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا جبکہ سرفراز احمد کے فٹنس میں نمایاں بہتری کی اطلاعات ہیں۔
پہلے روز ہونے والے ورک آوٹ میں اوپنر عابدعلی،شان مسعود،بابر اعظم بھی کافی حدتک بہتر پرفارم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ حارث سہیل،محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی،امام الحق کا فٹنس لیول بھی بہتر دکھائی دیا۔ پہلے مرحلےمیں عماد وسیم اور یاسرشاہ بھی فٹنس دینے والوں میں شامل ہیں۔
ٹرینر یاسر ملک دودن میں لیے گئے مختلف جسمانی مشقوں کی رپورٹ تیار کرکے اس بات کا تعین کریں گےکہ کون سا کھلاڑی مطلوبہ لیول تک رسائی پانے میں سرخرو ہواہے اورکس کا فٹنس لیول نیچےگرا ہے۔
پی سی بی نے پہلےہی یہ اعلان کررکھاہےکہ جس کرکٹرز کی فٹنس تسلی بخش نہیں ہوگی، اس کی ماہانہ تنخواہ میں سے 15 فی صد کٹوتی کی جائے گی اور یہ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک وہ فٹنس کا مطلوبہ معیار نہیں پالیتا۔
پی سی بی نے کچھ روز بعد ہی فٹنس ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ رکھاہے جس میں باقی رہ جانے والے 9 کرکٹرز کی فٹنس کو جانچاجائے گا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق شام تک رپورٹ تیار کرکے ٹیم انتظامیہ کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔