کوئٹہ ، بارش و برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ، بجلی کی فراہمی معطل

289

 

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی اضلاع میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ دو دنوں سے جاری بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کئی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کوئٹہ میں ہفتے کی شب سے شروع ہونے والا بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا، مسلسل بارش کے باعث شہرکے مختلف علاقوں میں اتوار کی شب سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ، کوئٹہ کے مضافات میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، پشین شہر اور اطراف میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑی علاقوں پر جاری برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پہاڑی علاقوں پر برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ تحصیل برشور کے پندرہ یونین کونسلوں کا برشور بازار سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا ہے اور شدید سردی کی وجہ سے لوگ تک محدود ہوگئے ہیں۔ شہر اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ بارشوں کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے لیویز لائن کوہلو میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، ہرنائی و گردنواح میں اتوار کی شب سے بارش کا سلسلہ وقفے سے جاری، مسلسل بارش اور سردی کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوگئے۔ یونین کونسل زرغون غر میں شدید برفباری کے باعث ہرنائی شہر اور کوئٹہ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ ضلع چاغی کے علاقوں پاک ایران سرحدی شہر تفتان، نوکنڈی، دالبندین اور گردونواح میں جاری موسلا دھار بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ ندی نالوں میں طغیانی آنے سے دالبندین سرگیشہ میں سیلابی ریلے میں گاڑی بہہ گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر دالبندین عائشہ زہری نے لیویز فورس کے ہمراہ گاڑی کو ریسکیو کرکے اس میں سوار دو افراد کو بچالیا۔ زیارتِ سنجاوی اور گردونواح میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ برفباری کے باعث سنجاوی، دکی، کوئٹہ سے ملانے والی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ہے۔ سنجاوی کے متعدد دیہات کا بھی ابھی تک مین شاہراہ سے رابطہ منقطع ہے۔ چمن میں بھی اتوار سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری بھی ہوئی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ اور کان مہترزئی میں گزشتہ دو دنوں سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ کان مہترزئی کے علاقے میں شدید برفباری کے باعث سڑکیں بند اور ٹریفک معطل ہوگئی۔