مہذب دنیا نے کشمیر پر اپنی ذمے داریاں پوری نہیں کیں،شہباز شریف

107

اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کشمیریوں سے حق خودارادیت کے وعدہ کو71 سال گزر چکے‘ کشمیری عوام آج بھی اس وعدہ کے پورا ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کی قرارداد منظور کرنے کے دن پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ ظلم و ستم کی7 دہائیاں گزر گئیں لیکن عالمی ضمیر بیدار ہوا نہ مہذب دنیا نے کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمے داری پوری کی‘ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور مہذب دنیا مقبوضہ کشمیر میں بہنے والے خون کو رکوائے اور 5 ماہ سے جاری محاصرے کو ختم کرائے۔ انہوں نے کہا کہ بہادر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان ان کے ساتھ ہے اس دن کشمیریوں سے یکجہتی کا مقصد بہادر کشمیریوں کویاد دلانا ہے کہ وہ جدوجہد میں تنہا نہیں‘ ہم ان کے ساتھ ہیں‘ کشمیریوں کے جائز، قانونی اور پیدائشی حق کے لیے پورا پاکستان یک جان اور متحد ہے‘ تحریک آزادی کشمیر میں قربانیاں دینے والے شہداکو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں‘ بھارت کا کوئی ظلم و جبر اور ناانصافی کشمیریوں کو آزادی کے حق سے پیچھے نہ ہٹا سکے گی۔