ایک سال سے غیر فعال پارلیمنٹ فوجی قانون سازی کیلیے تیار ہے،بلاول

113

اسلام آباد(نمائندہ جسارت ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ایک سال سے غیر فعال پارلیمان فوجی قانون سازی کے لیے تیار ہے۔پی ٹی آئی اور ن لیگ آرمی ایکٹ بل میں پارلیمانی قواعد نظرانداز کرنا چاہتی تھیں۔بلاول زرداری نے ٹویٹر پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جب میں اسلام آباد پہنچا تو ن لیگ اور پی ٹی آئی آرمی ایکٹ کی غیرمشروط حمایت کرکے ایوانوں سے منظوری کا فیصلہ کرچکی تھیں، دونوں جماعتیں فیصلہ کرچکی تھیں کہ پارلیمانی قواعد و ضوابط کو نظرانداز کردیا جائے گا اور بل کو نہ تو تمام اراکین اسمبلی کو دیا جائے گا اور نہ ہی اسے کمیٹی کو دیکھنے کیلیے بھیجا جائیگا۔ بلاول زرداری نے کہا کہ میں خوش ہوں کہ تمام پارٹیاں بل کو واپس قومی اسمبلی کی کمیٹی میں بھیجنے پر متفق ہوئیں۔ دونوں ایوانوں کے قواعد و ضوابط کی پاسداری کے ساتھ یہ بل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بھی نظرثانی کے لیے جائیگا۔بلاول کا کہنا تھا کہ پارلیمان سے اختیارات لینے والے تمام ادارے پارلیمانی بالادستی کو قبول کرکے ہم سے قانون سازی کا کہہ رہے ہیں، یہ مثبت ہے کہ ایک سال سے زائد عرصہ غیرفعال رکھی جانے والی پارلیمان قانون سازی کے لئے تیار ہے۔بلاول نے مزید کہا کہ یہ ان کے لیے اہم کامیابیاں ہیں کہ جو پارلیمانی بالادستی اور جمہوریت کے لیے ہمیشہ جدوجہد کرتے رہے ہیں۔