گوادر (نمائندہ جسارت) گوادر میں کھیل کا شعبہ سیاست زدہ ہوگیا ہے، سیاسی مداخلت کی وجہ سے کھیل کے شعبے پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ بیچ گیمز گوادر سے دوسرے ضلع میں منتقل ہونا سیاسی مداخلت کا نتیجہ تھا۔ حکومت کھیل کے شعبے میں سیاسی مداخلت کا نوٹس لے کر کھیل کے فروغ کے لیے اسپورٹس کا تجربہ رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کرے۔ ان خیالات کا اظہار گوادر کے مختلف کھیلوں سے وابستہ عہدیداروں نے پریس کلب گوادر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر گوادر میں کھیل زوال پذیر ہیں، تو اس کی اہم وجہ کھیل میں سیاست کا استعمال ہے، جس کی وجہ سے یہاں کے کھلاڑیوں کو کھیل کے وسیع مواقع سے محروم ہونا پڑرہا ہے، جس کی واضح مثال بیچ گیمز کا گوادر سے دوسرے ضلع منتقل ہونا ہے۔ بیچ گیمز کا گوادر میں عدم اعتماد سیاست مداخلت کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں کھیل کے شعبہ پر سیاست کی چھاپ لگا دی گئی جس کا نقصان یہاں کے کھلاڑیوں کا ہورہا ہے۔ بیچ گیمز بہت بڑے ایونٹ کا حامل تھا، جس سے یہاں کے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو صوبائی سطح پر متعارف ہونے کا موقع مل سکتا تھا، لیکن سیاسی مداخلت نے ایسا ہونے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کھیلوں کے حوالے سے زرخیز ہے اور یہاں کا ٹیلنٹ بھی اپنی مثال ہے، جس کو آگے جانے کا موقع ملنا چاہیے، جس کی راہ میں سیاسی مداخلت حائل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کھیل کے شعبہ میں سیاسی مداخلت کا فوری نوٹس لے اور ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جائے جو کھیل سے وابستہ ہیں۔ پریس کانفرنس سے درجان درا، عارف راہی اور حسن مستانہ نے خطاب کیا۔