کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی جانب سے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی حمایت نہ کرنے کے اعلان کے بعد ٹوئٹر پر ’’سرا ج الحق تم کھڑے تھے‘‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ ہزاروں ٹوئٹر صارفین نے جماعت اسلامی کی جانب سے آرمی ایکٹ کی حمایت نہ کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے ساتھ کھڑے ہونے کا عہد بھی کیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کا کام قانون سازی کرنا ہے تاہم اداروں کو پیش نظر رکھ کر قانون سازی کرنی چاہیے نہ کہ کسی فرد واحد کے لیے اپنی مرضی کے قانون بنائے جائیں۔ صارفین کی جانب سے سینیٹر سرا ج الحق کی تصاویر شیئر کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ بڑی تعداد میں صارفین نے ٹوئٹر پر سراج الحق کے بیانات اور ٹی وی پر چلنے والی خبر کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے۔