ہائیکورٹس زرداری اور بینظیر کیخلاف ریفرنس کا فیصلہ 20سال میں نہ کرسکیں‘ نیب

135

اسلام آباد (آن لائن) نیب نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کیخلاف کرپشن ریفرنسز میں ہائیکورٹس 20 سال میں بھی فیصلہ نہیں کر سکی اور دونوں کیخلاف یہ ریفرنس عدالت عالیہ سندھ میں زیر التواء پڑے ہیں جبکہ سابق ایم پی اے چودھری ریاض کے خلاف بھی 18 سال سے کرپشن ریفرنس احتساب عدالت میں زیر التواء ہے، سابق سیکرٹری پانی و بجلی اسماعیل قریشی کے خلاف 8 سال سے ریفرنس احتساب عدالت میں زیر التواء ہے۔ یہ تفصیلات نیب ترجمان کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں دی گئی ہیں جو ایک میڈیا رپورٹ کی روشنی میں جاری کئی گئی ہے، جس کے مطابق نیب نے 1275 ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کیے ہیں جبکہ ملک میں 26 احتساب عدالتیں موجود ہیں نیب لاہور نے 362 ریفرنس، نیب کراچی نے259ریفرنس نیب راولپنڈی نے219ریفرنس، نیب کے پی نے 191 ریفرنس، نیب بلوچستان نے124ریفرنس، نیب ملتان نے 80 ریفرنس اور نیب سکھر نے40ریفرنس دائر کر رکھے ہیں۔نیب کے ترجمان کے مطابق نیب راولپنڈی نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف سزا معطلی پر ریفرنس عدالت عالیہ میں دائر کر رکھا ہے اور20سال سے التواء میں پڑا ہے، بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کی کوٹیکنا کیس میں بریت کے خلاف ہائی کورٹ میں ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔ ایم پی اے چودھری ریاض کے خلاف18سال سے احتساب عدالت میں ریفرنس زیر التوا میں پڑا ہے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے خلاف کرپشن ریفرنس 2018ء کو دائر کیا گیا تھا، چودھری محمد شریف، عثمان فاروقی اور عدنان شیرازی کے خلاف بھی ریفرنس 20سال سے جبکہ روشن خان کے خلاف ریفرنس 7سال سے عدالت میں التواء میں پڑا ہے ۔سیف الرحمن کرپشن ریفرنس سے بری ہو چکے ہیں بیگم نصرت بھٹو کے خلاف ریفرنس بھی بند کیا گیا ہے جبکہ سابق سیکرٹری پانی و بجلی اسماعیل قریشی کے خلاف ریفرنس 8سال سے عدالت مین زیر التواء ہے۔