اسد عمر کی زیر صدارت پی پی پی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

109

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی پی پی اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سکھر حیدرآباد موٹروے اور نسٹ ٹیچنگ اینڈ ریسرچ اسپتال کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروجیکٹس کے مالی ڈھانچے پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے بورڈ کو سکھر حیدرآباد موٹروے پروجیکٹ (ایم۔6) کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم 6 این ایچ اے منصوبہ ہے جس کی تعمیر بی او ٹی کے ذریعے تجویز کی گئی، موٹروے پروجیکٹ پر 204.28 ارب روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے اور اسے مکمل ہونے میں 33 ماہ لگیں گے۔ این ایچ اے ٹیم نے اس منصوبے کے مجوزہ مالی ڈھانچے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جو پی پی پی اتھارٹی کے مشورے سے تیار کی گئی تھی۔بعدازاں بورڈ نے فزیبلٹی رپورٹ میں تجویز کردہ آپشن کی بنیاد پر پروجیکٹ کے مالی ڈھانچے کی منظوری دے دی۔ بورڈ نے پی پی پی موڈ میں بی او ٹی کی بنیاد پر ٹیچنگ اینڈ ریسرچ اسپتال (این ٹی آر ایچ) کی تعمیر کے لیے نسٹ کی تجویز پر بھی غور کیا۔ بورڈ نے جائزے کے بعد منصوبے کو بی او ٹی کی بنیاد پر منظوری دے دی۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اسپتال میں عوامی فلاح و بہبود کا عنصر موجود ہوگا اور وہ صحت انصاف کارڈ ہولڈرز کے علاج معالجہ کی ضروریات کو بھی پورا کرے گا۔