لاہور (آن لائن) جسٹس مامون رشیدشیخ نے لاہور ہائیکورٹ کے49ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔ گورنر ہائوس لاہور کے دربار ہال میں منعقدہ تقریب میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے جسٹس مامون رشید سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب حلف برداری کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ،صوبائی وزراء ،لاہور ہائیکورٹ کے ججزصاحبان ،لاء افسران، اٹارنی جنرل آف پاکستان،چیف سیکرٹری پنجاب ،انسپکٹر جنرل پولیس ،بارز کے عہدیداران نے شرکت کی ۔بعد ازاں جسٹس مامون رشید کا لاہور ہائیکورٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا جبکہ چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے ججز لائونج میں لاہور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان سے ملاقات کی۔ جسٹس مامون رشید شیخ 18 مارچ 2020ء کو ریٹائر ہوجائیں گے۔