اختلافات کے باوجود سندھ حکومت کے ساتھ کام کرنے کیلے تیار ہیں،اسد عمر

102

کراچی(نمائندہ جسارت) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمرکا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سیاست ختم ہوچکی اس لیے ہاتھ پاؤں مارنے کیلیے ایم کیو ایم کو صوبائی وزارتوں کی آفر دی۔گورنرسندھ عمران اسماعیل اوروفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت سندھ انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ کارپوریشن کا اجلاس ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمرنے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گرین لائن منصوبے میں وفاق نے اپنا کام کرلیا لیکن صوبے نے کچھ نہیں کیا۔ کے فورمنصوبے پرمشکلات پیدا ہوئیں تھیں اس منصوبے پر وفاق تعاون کرنے کیلیے تیارہے، کے فورمنصوبہ کراچی کے باسیوں کی اشد ضرورت ہے، ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتارتیزہوگی۔اسد عمر نے کہا کہ حکومت ترقیاتی بجٹ کواستعمال کرتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، سیاست ہرسیاسی پارٹی کا حق ہے، وفاق کے سندھ حکومت کے ساتھ سیاسی اختلاف پر کوئی ابہام نہیں جب کہ عوامی مفاد کیلیے سندھ حکومت کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔وفاقی وزیراسد عمرنے کہا کہ حکومت محدود وسائل میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل چاہتی ہے، جلد ازجلد منصوبوں کی تکمیل کے بعد وزیراعظم کراچی آکر انکا افتتاح کریں گے۔ رش پر قابوپانے کے لیے کراچی سے پپری تک فریٹ کوریڈوربنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں وفاقی منصوبوں کو فنڈز فراہم کردیے گئے ہیں، سکھر حیدرآباد موٹروے کے لیے پبلک پرائیوٹ اتھارٹی نے کام شروع کردیا ہے، وزیراعظم جلد کراچی کا دورہ کر کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون، ناردرن بائی پاس اور لیاری ایکسپریس وے کے منصوبوں پر بات ہوئی، سکھر سے حیدرآباد موٹروے پر 200 ارب روپے لاگت آئے گی، حکومت کے وسائل محدود ہیں اسی لیے نجی شعبے کی شراکت داری ضروری ہے۔اسد عمر نے کہا کہ جمہوری نظام میں سیاست ہر پارٹی کا حق ہے، کراچی، سندھ کے عوامی مسائل پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، پہلے کہا جاتا تھا کہ پی ٹی آئی کراچی سے ایک سیٹ بھی نہیں جیتے گی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں سے متعلق میئر کراچی نے مجھ سے کوئی گلہ نہیں کیا، میئرکراچی بااختیار ہوتے تو کہیں زیادہ تیزی سے کام ہوتا۔