ماروی اغواکیس،سندھ ہائی کورٹ کا نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم

92

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے مبینہ اغوا ہونے والی ماروی کی عدم بازیابی کیخلاف درخواست پر ڈی آئی جی ویسٹ کو نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیدیا۔ جسٹس اقبال کلہوڑو اور جسٹس عبدالکریم میمن پر بینچ کے روبرو ماروی کی عدم بازیابی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ لڑکی کے والد نے عدالت میں موجود تفتیشی افسر پر بیٹی کے اغوا کا الزام لگا دیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ لڑکی نے پسند کی شادی کی ہے اب وہ اٹک بھاگ گئی ہے۔ یہ ہمارے ساتھ چلیں ہم لڑکی کو بازیاب کراتے ہیں، لڑکی کے والد نے پولیس کے ساتھ اٹک جانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جس تفتیشی افسر نے ہماری بیٹی کواغوا کیا اس کے ساتھ کیسے جائیں۔ میری بیٹی ماروی کو سعید آباد سے 2014 ء میں اغواہ کیا گیا۔ لائق ڈنو اور ان کی بہن فاطمہ نے میری بیٹی کو اغوا کیا۔ عدالت نے ڈی آئی جی ویسٹ کو نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیدیا۔