سکھر (نمائندہ جسارت) سول سوسائٹی کے افراد کے احتجاجی مظاہرے پر ڈنڈا برادروں کا حملہ، ڈنڈا بردار افراد نے کوریج کرنے والے پریس فوٹو گرافرز پر بھی ڈنڈے برسائے، جس کے نتیجے میں سینئر پریس فوٹو گرافر گلزار شاہ زخمی ہوگیا، واقعہ کیخلاف فوٹو جرنلسٹس اور صحافیوں میں غصے کی لہر دوڑ گئی۔ سماجی رہنما نعمان شہزاد قریشی کو سکھر پولیس کی جانب سے بلا جواز گرفتار کرکے ان کیخلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے اور ملوث افراد کی مبینہ زیادتیوں کیخلاف نعمان شہزاد کے ورثا انجم شہزاد، کوکب شہزاد و دیگر نے سکھر کی سول سوسائٹی کے نمائندگان ظہور الدین انصاری، مولانا شہزادو ڈریھو، منور عالم خان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور واقعہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ انہوں نے حکام بالا سے واقعہ کا نوٹس لے کر سماجی رہنما نعمان شہزاد کیخلاف درج جھوٹے مقدمات ختم کرانے سمیت ملوث وکیل اور پولیس اہلکاروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لاکر انصاف و تحفظ فراہمی کا پُرزور مطالبہ کیا۔ پُرامن احتجاج کے دوران ڈنڈا برادر نامعلوم افراد نے مظاہرین سمیت موقع پر موجود میڈیا نمائندگان پر بھی ڈنڈے برسانا شروع کردیے، جس کے نتیجے میں سول سوسائٹی کے شہزادو ڈریہو، ان کے بیٹے سمیت مقامی اخبار کے فوٹو گرافر سید گلزار شاہ زخمی ہوگئے جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔