بینظیر بھٹو سچی اور بہادر لیڈر تھیں، سازش کے تحت قتل کیا گیا، رسول بخش

164

عمرکوٹ (نمائندہ جسارت) عمرکوٹ میونسپل کمیٹی لان میں رحمدانی کرکٹ اکیڈمی کی جانب سے بینظیر بھٹو کی 12ویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سماجی رہنما صدر رسول بخش رحمدانی نے کہا کہ بھٹو خاندان پاکستان اور عوام کے لیے اپنی جانیں قربان کرکے ہمیشہ کے لیے زندہ ہوگیا۔ بینظیر بھٹو سچی اور بہادر لیڈر تھیں۔ انہیں سازش کے تحت قتل کیا گیا، عوامی لیڈر آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں، وہ عوام اور قربانی دینے والے کارکنوں سے بہت پیار کرتی تھیں، آج ان کی کمی محسوس ہورہی ہے، عوام اور کارکن آنسوئوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ تقریب کو سندھ ہائیکورٹ کے نامور وکیل محمد اسماعیل کنبھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو عوامی لیڈر تھیں وہ اسلامی ممالک میں پہلی خاتون وزیراعظم بننے کا اعزاز رکھتی تھیں، وہ کارکنان اور عوام کے دل میں آج بھی بستی ہیں۔ برسی کی تقریب سے اشوک کمار مالہی، کامریڈ ملوک بھیل، محمد حسن خاصخیلی، امیر بخش رحمدانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ بینظیر بھٹو اسٹار ایوارڈ محمد اسماعیل کنبھر اور بینظیر بھٹو حسن کارگردگی ایوارڈ اشوک کمار درڑا کو دیے گئے۔ بعد میں ملک کی سلامتی اور بینظیر بھٹو کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔