مقبوضہ کشمیر میں لگائی گئی آگ پورے بھارت میں پھیل چکی ہے: وزیر خارجہ

272
روس کے ساتھ توانائی تعاون بڑھانا ایک ترجیح ہے،شاہ محمودقریشی 

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں لگائی گئی آگ پورے بھارت میں پھیل چکی ہے۔

شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سابقہ خارجہ سیکرٹریز کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور علاقائی امن کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر صدر سیکورٹی کونسل کو لکھے خط کے مندر جات سے آگاہ کیا، دوران اجلاس اہم خارجہ پالیسی امور پر اس مشاورتی سلسلے کو تواتر کے ساتھ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 144 دن گزر چکے ہیں جبکہ بھارت نے کشمیر میں مواصلات نظام پر پابندی کے ذریعے حقائق تک رسائی سے محروم رکھا ہے، مودی سرکار کی ہندوتوا سوچ نے ہندوستان کو تقسیم کر دیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں لگائی گئی آگ پورے بھارت میں پھیل چکی ہے، سیکولر بھارت کے حامی ترمیمی شہریت کے امتیازی قانون اور این آر سی کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت اپنے داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے جبکہ پاکستانی مسلح افواج اور قوم کا بچہ بچہ اس ارض وطن کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے، پاکستان مقبوصہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو ہر پلیٹ فارم پر بے نقاب کر رہا ہے۔