سکھر، ابتدائی غیر حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کردی گئی

332

سکھر (نمائندہ جسارت) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سندھ میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ابتدائی غیر حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر احمد علی عباسی اور الیکشن آفیسر شاہنواز بروہی کی رہنمائی میں خیرپور ضلع میں 198 ڈسپلے سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔ رائے دہندگان غیر حتمی ابتدائی انتخابی فہرستوں کا معائنہ کرسکتے ہیں جو کہ ڈسپلے سینٹر پر موجود رہیں گی جس میں وہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کے ووٹ کے اندراج کو اپنے قومی شناختی کارڈ پر درج مستقل یاموجودہ پتے پر یقینی بنائیں۔ ووٹرز اپنے ووٹ کے اندراج اور ڈسپلے سینٹر کی تفصیلات جاننے کے لیے اپنے قومی شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں اور ووٹ کے اندراج، منتقلی کے لیے فارم 15، ووٹ کے اندراج پر اعتراض کے لیے فارم نمبر 16 اور درستگی کوائف کے لیے فارم نمبر 17 ڈسپلے سینٹر پر جمع کرائیں، جس کے لیے ہر ووٹر اپنا قومی شناختی کارڈ اور اس کی کاپی ضرور لائے۔ فارم اور دیگر ضروری معلومات ڈسپلے سینٹر کے انچارج، دفتر ضلعی الیکشن کمشنر، رجسٹریشن آفیسر خیرپور اور دیگر معلومات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ ضلعی الیکشن کمشنر خیرپور سے 0243-9280031 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔