شیخ رشید کی نحوست سلیکٹیڈ حکومت کو بھی لے ڈوبے گی،اکرام دھاریجو

126

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آمروں کی گود میں پلنے والے کے نصیب میں لاڑکانہ کہاں ؟ وہ چڑھتے سورج کے پجاری ہیں۔ شیخ رشید جس چلتی گاڑی میں سوار ہوتے ہیں اس کو منحوسیت گھیر لیتی ہے، یہ ان کے ریکارڈ کا حصہ ہے اور شیخ رشید کی منحوسیت ریلوے کو تو لے ڈوبی ہے لیکن سلیکٹیڈ وزیراعظم کا پیچھا بھی نہیں چھوڑ رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی ٔپاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو پر تنقید کرنے والے شیخ رشید خود آمریت کی پیداوار ہیں۔شیخ رشید کا استقبال لوگ گندے انڈوں اور نازیبا الفاظ سے کر رہے ہیں جو شیخ رشید کی زبان کا رد عمل ہے،سندھ کے عوام بھی شیخ رشید کا لاڑکانہ آنے کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ افراد کے نام نکالنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستحق افراد کے نام نکالنا ایک ظالمانہ عمل ہے اور ظالموں کو اپنا انجام یاد رکھنا چاہیے۔انہوں نے 8 لاکھ افراد کے نام بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے نکالنے پر چیف جسٹس پاکستان سے سوموٹو لینے کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکومت کے نادان وزرا اپنی پارٹی کے لیے جگ ہنسائی کا باعث بن چکے ہیں اور تبدیلی حکومت کا بھیانک چہرہ پاکستانی عوام سمیت دنیا کے ممالک کے سامنے ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکومت یہ ہرگز نہ بھولے کہ اپنا کیا ہوا بھگتنا بھی پڑتا ہے اور پی ٹی آئی کی نااہل سلیکٹیڈ حکومت نے مفلس اور غریب خاندانوں پر حملہ کردیا۔