پرویز مشرف کو غدار قرار دینا شرمناک عمل ہے، سردار زبیر فضلی

122

پنگریو، بدین (نمائندگان جسارت) سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ریٹائر پرویز مشرف اور پاک فوج کے حق میں پاکستان تحریک انصاف، سندھ کولہی اتحاد اور سول سوسائٹی کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں، سیاسی، سماجی اور سول سوسائٹی کارکنوں نے شرکت کی۔ پاکستان تحریک انصاف، سندھ کولہی اتحاد اور سول سوسائٹی کی جانب سے ڈی سی چوک سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی مختلف بازاروں کا گشت کرتی ہوئی پریس کلب پہنچی۔ ریلی میں تحریک انصاف کے کارکنوں، شہریوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں سردار زبیر فضلی، رام چند کولہی اور ولید عمر سومرو نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف نے چالیس سال ملک کی خدمت کی اور سرحدوں پر دشمن سے جنگیں کیں۔ پرویز مشرف کے دور حکومت میں پاکستان نے معاشی اور صنعتی طور پر بہت ترقی کی جبکہ پاکستانیوں کو بڑی تعداد میں نہ صرف ملک کے اندر بلکہ بیرونی ممالک میں بھی روزگار ملا اس کو غدار قرار دینا شرمناک عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کو ہم نہیں مانتے، جنرل پرویز مشرف کیخلاف تعصب کی بنیاد پر فیصلہ دیا گیا ہے۔ ایسے فیصلے سے عوام اور پاک فوج کی دل آزاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے سپہ سالار کو غدار قرار دینے سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ ریلی کے شرکا نے پرویز مشرف اور پاک آرمی کے حق میں نعرے لگائے۔ شرکا نے ہاتھوں میں پوسٹر اور پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔