احسن اقبال سیاسی ارسطو بننے کے بجائے کرپشن کا حساب دیں، مراد سعید

92

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ احسن اقبال سیاسی ارسطو بننے سے پہلے اپنا اور بھائی کی کرپشن کا حساب دیں، ملکی وسائل کو جس بے دردی سے لوٹا گیا اس کا حساب تو دینا ہی پڑے گا۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز احسن اقبال کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کے بھائی کو راولپنڈی میٹرو، لاہور میٹرو اور لبرٹی مارکیٹ پارکنگ سمیت متعدد بڑے منصوبوں کی تعمیر کے ٹھیکے دیے گئے، سارے عمل کے دوران پیپرا
رولز کو یکسر اٹھا کر ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا گیا، جاتی امراء کے وظیفہ خوار افلاطون قوم کو سیاسیات پر لیکچر دینے کے بجائے اپنی وارداتوں کا جواب دیں،پچھلے کئی ماہ سے موصوف سے جاوید صادق کے ذریعے ڈالی وارداتوں کا پوچھ رہے ہیں، افلاطون جواب نہیں دے رہے، احسن اقبال کی جماعت قوم کے کندھوں پر 2400 ارب ڈالرز کا قرض لاد کر چلتی بنی، احسن اقبال کی حکومت کے لیے کیے گئے قرض پر سود کی مد میں ہم نے 10 ارب ڈالرز ادا کیے، احسن اقبال کی حکومت نے برآمدات کا بیڑا غرق کر کے درآمدات کا منہ کھول دیا، تحریک انصاف کی حکومت درآمدات روک کر برآمدات بڑھانے کے لیے مقامی پیداواری قوتوں کو سہارا دے رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ احسن اقبال کی حکومت نے قوم کو بجلی کے مہنگے منصوبے دیے، تحریک انصاف کی حکومت نے سستی ماحول دوست بجلی بنانے کی منظوری دی، احسن اقبال کی حکومت کی جانب سے تباہ کردہ اسٹاک ایکسچینج آج دوبارہ بلندیوں کی جانب گامزن ہے، احسن اقبال تحریک انصاف کی حکومت کی عمدہ کارکردگی کو سراہنے کی اخلاقی جرات سے بھی محروم ہیں، ان کے تمام حربوں کے باوجود قوم سے کیے گئے وعدے نبھائیں گے۔