اٹک نے نیشنل بینک ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ٹرافی ٹورنامنٹ جیت لیا

347

اٹک(جسارت نیوز)اٹک نے نیشنل بینک آف پاکستان ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ٹرافی گریڈ II ٹورنامنٹ جیت لیا۔ احتشام الحق کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اتوار کو اٹک میں کھیلے گئے فائنل میں اٹک کی ٹیم نے ملتان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اٹک کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز اسکور کئے۔ محمد صفدر نے 139 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ جواب میں اٹک نے مطلوبہ ہدف 18.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ احتشام الحق نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 74 رنز بنائے جبکہ بلال سرور 70 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ احسان اور اکبر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ احتشام الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر بی ون کیٹگری میں ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے ریاست خان، بی ٹو میں فیصل آباد کے محمد اعجاز، بی تھر میں سرگودھا کے گل شیر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ بہترین وکٹ کیپر کا اعزاز کوئٹہ کے نصیب اللہ کے نام رہا۔ فائنل کے اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ، نیشنل بینک آف پاکستان کے نمائندہ سجاد اور اقوام متحدہ میں نوجوانوں کے سفیر اذان ملک تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔