مودی سرکار خطرناک کھیل کھیل رہی ہے ، دنیا نوٹس لے ، شاہ محمود قریشی

144

 

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اگر بھارت نے کوئی ایسی حرکت کی تو اسے مناسب اور بھرپور جواب ملے گا، دنیا صورتحال کا نوٹس لے، مودی سرکار خطرناک کھیل کھیل رہی ہے جس سے پورے خطے کا امن متاثر ہو رہا ہے، بھارت میں مودی سرکار کے ہتھکنڈوں کے خلاف عوام نے علم بغاوت بلند کر دیا ہے،کینیڈا، امریکا اور
یورپی ممالک میں احتجاج ہو رہا ہے،آج آر ایس ایس کی ہندوتوا سوچ نے بھارت کو تقسیم کر دیا ہے، بھارت صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن کا ناٹک رچا سکتا ہے، قوم بھارت کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ملک کے جغرافیے اور نظریے کی حفاظت کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو جائے،بھارت کی اشتعال انگیزی پر ہماری فورسز نے اس کا الحمدللہ بھرپور جواب دیا ہے جس میں ان کی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں اور ان کی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا،پاکستان او آئی سی کا بنیادی رکن ہے اس کی یکجہتی کے لیے پاکستان نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے،میں منگل کو ہونیوالے کابینہ کے اجلاس میں او آئی سی کا اجلاس بلانے کی بات سامنے رکھوں گا کیونکہ اب مزید خاموشی نقصان دہ ہو گی ہمیں او آئی سی سے باقاعدہ درخواست کرنا ہوگی کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔خطے میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے2روز قبل میں نے وڈیو پیغام کے ذریعے اپنی رائے اور تشویش کا اظہار کیا تھا،اس سے پہلے 12 دسمبر کو میں نے سلامتی کونسل کے صدر کو ایک نیا خط لکھا تھا جس میں میں نے اپنے تحفظات اور ممکنہ خطرات سے انہیں آگاہ کیا تھا۔