حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پرویز مشرف کو عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائے جانے کے فیصلے کیخلاف سیاسی و تاجر تنظیموںکی جانب سے ریلیاں نکالی گئی۔ ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی حیدرآباد کی جانب سے مشرف سے اظہار یکجہتی کے لیے گل سینٹر تا پریس کلب ریلی نکالی گئی۔مرکزی رکن وڈسٹرکٹ انچارج وسیم حسین ‘ شہزاد قریشی‘ اصغر کامریڈ ودیگر نے ر یلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سابق آرمی چیف جنرل(ر) پرویز مشرف کے خلاف دیا گیا۔فیصلے کیخلاف ہر کارکن فاروق ستار کی قیادت میں پرویز مشرف کے ساتھ کھڑا ہے ۔ فیصلہ غیر اخلاقی وغیر انسانی ہے فیصلے سے انسانی اقتددار مجروح ہواہے۔ ریلی سے چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدرشاکر میمن‘ وائس چیئرمین الحاج گلشن الٰہی‘ جہانزیب زئی نے بھی خطاب کیا۔دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے سینٹ میری اسکول سے کوہ نور چوک تک پرویز مشرف حمایت ریلی نکالی ۔ ریلی سے رکن قومی اسمبلی صابر قائمخانی‘ میئر حیدرآباد سید طیب حسین‘ ایم کیو ایم کے زونل انچارج ظفر صدیقی ‘ رکن قومی اسمبلی صلاح الدین شیخ‘ رکن صوبائی اسمبلی ندیم صدیقی اور اسمال چیمبر آف کامرس کے دولت رام نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پرویز مشرف پاکستان کے ہیرو ہیں ان کو غدار کہنا عوام کی توہین ہے جو کہ ہم کسی بھی صورت برداشت نہیں کرسکتے ۔پاک فوج ملک وقوم کا محافظ ادارہ ہے ۔
مشرف یکجہتی ریلیاں