کشمیر مارچ:لیاقت بلوچ کا استقبالیہ کیمپوں کا دورہ،سراج الحق خطاب کریں گے

112

راولپنڈی( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 22 دسمبر کا اسلام آباد کشمیر مارچ بے حس اور سوئے ہوئے حکمرانوں کو جگانے اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہے۔کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو ہم بھولے ہیں اور نہ ہی بھولنے دیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوںنے کل بروز اتوار 22 دسمبر کے اسلام آباد کشمیر مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں قاضی  آباد، ڈھوک چراغ دین، زون پی پی 11 میں قائم استقبالیہ کیمپوں کے دورے کے موقع پر کیا۔امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ،جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد ،نائب امیر شیخ مسعود احمد ،چودھری منیر احمد ،امیر زون پی پی 11 حاجی یار محمد، جنرل سیکرٹری ضیا القمر ، نائب امیرمنظور اکبر اور دیگر عہدیداران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ استقبالیہ کیمپ پہنچنے پرسابق امیدوار قومی اسمبلی قاضی محمد جمیل ،نائب امیر زون پی پی 11 حاجی نصیر مغل ، ہارون رشید ،ممبر چکلالہ کینٹ بورڈ خالد محمود مرزا اور محمد یعقو ب مرزا سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ 5 اگست سے ہمارے کشمیری بزرگ ، بھائی، مائیں، بہنیں اور معصوم بچے بھارت کی طرف سے جبری طور پر مسلط کردہ کرفیومیں سخت اذیت اور مشکلات کا شکار ہیں۔ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کے ساتھ ساتھ مسلمان حکومتوں نے بھی کشمیر میں بھارت کے مظالم اور قتل عام جیسے سنگین جرائم کی طرف سے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ پاکستان کو مسئلہ کشمیر کے ایک فریق اور وکیل کی حیثیت سے آگے بڑھ کر جو کردار ادا کرنا چاہیے تھا حکومت اس سے مسلسل غفلت اور بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتی چلی آ رہی ہے۔ 22 دسمبر کا اسلام آباد کشمیر مارچ حکمرانوں کو ان کی دینی اور اخلاقی ذمے داریوں کی یاد دہانی اور اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے حوالے سے ہے۔
کشمیر مارچ