اسلام آباد (جسارت نیوز) سرینا ہوٹل ہواوے انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستان کے طیب اسلم نے مردوں کا جبکہ امریکی کی سبرینا سوبھی نے خواتین کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چیف آف ایئر اسٹاف، ایئر مارشل عاصم ظہیر تھے جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ ٹورنامنٹ میں مردوں کے لئے 20 ہزار ڈالر اور خواتین کے لئے 12 ہزار ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی تھی۔ گزشتہ روز مصحف اسکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے مردوں کے کھیلے فائنل میچ میں پاکستان کے طیب اسلم نے اپنے ہم وطن فرحان محبوب کو 3-0 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ طیب اسلم نے فرحان محبوب کے خلاف پہلے اور دوسرے سیٹ میں بالترتیب 11-8 اور 13-11 سے فتح حاصل کرکے مقابلہ 2-0 کردیا۔ تیسرے سیٹ میں بھی طیب اسلم نے 11-4 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ 3-0 سے جیت لیا۔ خواتین کے فائنل میں امریکی کی سبرینا سوبھی نے مصر کی حنا موتاز کو 3-0 سے شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا، پہلے سیٹ میں امریکی کی سبرینا سوبھی نے حنا موتاز کے خلاف 11-3 سے کامیابی کرکے مقابلہ 1-0 کر دیا ہے۔ دوسرے سیٹ میں سبرینا سوبھی نے 11-9 سے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ 2-0 کر دیا۔ اسی طرح سبرینا سوبھی نے تیسرے سیٹ میں بھی 11-9 سے فتح حاصل کرکے مقابلہ 3-0 سے جیت لیا۔ مصر کی حنا موتاز نے کم بیک کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن ایسا کرنے میں ناکامی رہی۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ مصر، امریکا، ہانگ کانگ، برطانیہ، ملائیشیا، جرمنی، پرتگال،ا سپین، سوئٹزرلینڈ، اردن اور آسٹریا کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔