خورشید شاہ سمیت 18افراد کیخلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر

173

سکھر(صباح نیوز)قومی احتساب بیورونے پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ سمیت 18افراد کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ کے خلاف 1 ارب 23کروڑ روپے سے زاید کا ریفرنس فائل کیا گیا اور اس میں سابق اپوزیشن لیڈر سمیت 18افراد کو نامزد کیا گیا جن میں پی پی رہنما کے بھتیجے صوبائی وزیر اویس قادر شاہ، خورشید شاہ کی دونوں اہلیہ بی بی طلعت اور بی بی گلناز، دونوں صاحبزادوں فرخ شاہ اور زیرک شاہ، رحیم بخش اعوان، نثار احمد پٹھان، عبد الرزاق بحرانی، محمد اکرم خان، جنید قادر شاہ، محمد شعیب، طفیل احمد، زوہیب میر، ثاقب رضا اور محمد ثاقب کو بھی نامزد کیا گیا ۔ریفرنس میں 600ایکڑ زرعی زمین، متعدد اکائونٹس، کراچی اور سکھر میں پلاٹس بھی شامل ہیں۔عدالت نے خورشید شاہ کے خلاف ریفرنس پیش نہ کیے جانے اور 90روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر رہائی کے احکامات دیے تھے۔نیب نے خورشید شاہ کی رہائی کے آرڈر کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہوا ہے۔ 2 روز قبل عدالت کا وقت ختم ہونے پر ان کی رہائی عمل میں نہیں آسکی تھی۔عارضہ قلب میں مبتلا خورشید شاہ این آئی سی وی ڈی میں زیر علاج ہیں۔ ان کے خلاف آمدن سے زاید اثاثے بنانے کے حوالے سے 7اگست سے تحقیقات کا آغاز ہوا تھا۔ نیب سکھر نے اسلام آباد میں خورشید شاہ کو بنی گالہ میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔احتساب عدالت نے90دن بعد پیپلزپارٹی رہنما کو50 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کیا ہے۔