سندھ کے عوام حادثاتی چیئرمین کی جمہوریت کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، مراد سعید

97

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات وپوسٹل سروسز مراد سعید نے بلاول زرداری کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرچی والے چیئرمین کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہے تو کم از کم تقریر ہی بدل لیں، ان کے نزدیک جمہوریت کرپشن اور لوٹ مار کی آزادی کا نام ہے، سندھ کے عوام حادثاتی چیئرمین کی جمہوریت کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرچی والے چیئرمین ایسی جمہوریت مانگ رہے ہیں جس میں ان کے والد کی لوٹ مار کا حساب نہ مانگا جائے، بلاول زرداری اور ان کے والد کی جمہوریت نے عوام کو غربت، جہالت اور وسائل کی لوٹ مار دی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں شفافیت کبھی پیپلز پارٹی کا مقصد تھا نہ ہے اور نہ ہوگا، پرچی والے چیئرمین جانتے ہیں کہ انتخابات شفاف ہوئے تو ایک یونین کونسل بھی ہاتھ نہیں لگے گی، بلاول جان لیں انتخابات بھی شفاف ہوں گے اور سندھ بھی لٹیروں سے نجات حاصل کرے گا، مظلومیت کا کارڈ کام آئے گا نہ ہی جذبات کی سوداگری چلے گی، والد اور پھوپھو سمیت جس نے بھی قومی خزانے پر ہاتھ صاف کیے ان کی جوابدہی ہوگی۔