سندھ ہائی کورٹ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم بڑھائیں،وفاق کا جواب

117

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کیخلاف درخواست پر وزارت پیٹرولیم کے جواب جمع کرانے پر درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس آغا فیصل پر مشتمل بینچ نے مولوی اقبال حیدر کی درخواست پر سماعت کی۔ وزارت پیٹرولیم نے جمع کرائے گئے جواب میں کہا کہ عالمی مارکیٹ میں اضافے کے بعد پیٹرول کے نرخ میں اضافہ کیا، اوگرا کی قیمتوں میں اضافے کی سفارشات کو وزیر اعظم نے 50 فیصد کم کیا پارلیمنٹ نے رواں بجٹ میں30 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے رکھی ہے اس کے باوجود قیمتوں میں بہت کم اضافہ کیا گیا۔ عدالت نے درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کرنے کی ہدایت کر دی۔ درخواست گزارنے مؤقف اپنایا تھا کہ پارلیمنٹ کی اجازت کے بغیر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے، آئی ایم ایف کے لوگوں کو خزانے پر بٹھا دیا گیا ہے ، درخواست زیر سماعت ہونے کے باوجودپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ آزاد عدلیہ سے ٹکراؤ کے مترادف ہے، اضافے سے قبل عدالت کو اعتماد میں تو لیا جاتا۔