ایم کیو ایم وفد کی مشرف سے ملاقات، بھرپور حمایت کی یقین دہانی

90

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے ڈپٹی کنوینر اور میئر کراچی وسیم اختر اور رکن رابطہ کمیٹی حیدر عباس رضوی نے دبئی میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے ملاقات کرکے ان کی عیادت کی۔وسیم اختر اور حیدر عباس رضوی نے سابق صدر کے خلاف خصوصی  عدالت کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ایم کیو ایم کی جانب سے سابق صدر کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔وفد نے سابق صدر کو یقین دلایا کہ ایم کیوایم پاکستان خصوصی عدالت کے افسوسناک فیصلے کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کرے گی جس پر سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔رابطہ کمیٹی کے وفد نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی جلد صحت یابی کیلیے دعا بھی کی۔حیدر عباس رضوی نے میڈیاسے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ پرویز مشرف سے ہماری ملاقات اسپتال میں ہوئی، پرویز مشرف ہمیں پرعزم اور پر سکون لگے۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے پاکستان کے لیے جنگیں لڑی ہیں، میئر کراچی کی قیادت میں ایم کیو ایم کا وفد پرویز مشرف سے مقامی اسپتال میں ملا، پرویز مشرف کے خلاف فیصلہ انتہائی افسوس ناک ہے۔حیدر عباس رضوی نے مزید کہا کہ پرویز مشرف سے ان کے واپسی سے متعلق گفتگو نہیں ہوئی، ایم کیو ایم پرویز مشرف کا بھرپور ساتھ دے گی۔حیدر عباس رضوی نے بتایا کہ انہیں مشرف نے کہا انہوں نے ملک کی 40 برس تک خدمت کی، وہ کمانڈو، فوج کے سربراہ اور ملک کے صدر رہے، مشرف نے کہا کہ انہیں عدالتی فیصلے پر افسوس ہوا۔
ایم کیو ایم وفد