راولپنڈی (کامرس ڈیسک) چینی تجارتی وفد اور راولپنڈی چیمبر کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیئے گئے ،جس کے تحت چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی ۔ترجمان آر سی سی آئی نے اے پی پی کو بتایاکہ چین کے 21 رکنی تجارتی وفد نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور صدر صبور ملک سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت وینگ یان نے کی ۔اس موقع پر وفد نے اپنے دورے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایاکاری کی خواہش رکھتی ہیں ،چین کے عظیم منصوبے ایک سڑک ایک پٹی کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیکل سامان، الیکٹرانکس ، رئیل اسٹیٹ ،توانائی، شمسی توانائی، اور ٹیکسٹائل میں دو طرفہ تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے، وفد کے سربراہ وینگ یان نے کہا ان کا ادارہ چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر کاروباری مواقع تلاش کرنے کا خواہاں ہے تاکہ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تجارتی تعاون کو بڑھایا جا سکے۔ راولپنڈی چیمبر کے صدر صبور ملک نے وفد کو بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک ) کے حوالے پاکستان میں تیزی کے ساتھ براہ راست سرمایاکاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں ان کو عملی شکل دینے اور پائیدار بنانے کے لیے ضروری ہے کہ چینی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کیے جا ئیں پاکستان میں غیر ملکی سرمایا کاروں کے لیے ماحول سازگار ہے، انہوں نے وفد کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی چیمبر چینی کمپنیوں اور وفد کو معلومات اور معاونت فراہم کرے گا اور متوقع شعبوں کی نشاندہی بھی کرے گا ۔انہوں نے وفد کو راولپنڈی چیمبر کی جاری سرگرمیوں اور آئندہ کے منصوبے کے بارے میں مختصر بریفنگ بھی دی اس موقع پر ایک مفاہمت کی یادداشت پربھی دستخط کیے گئے جس کے تحت چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دیں گی ۔ اس موقع پر سینیٹر میاں عتیق، گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدرنوشیروان خلیل ، نائب صدرمحمد حمزہ سروش، سابق صدور، مجلس عاملہ کے اراکین چیمبر ممبران و دیگر موجودتھے۔