پیپلز پارٹی تمام پاکستانیوں کے حقوق کی لڑائی جاری رکھے گی ، بلاول

137

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام پاکستانیوں کے حقوق کی لڑائی لڑتی رہے گی۔ بلاول زرداری نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کی 5ویں برسی کے موقع پر معصوم شہداء اور اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کا غم ہمارے لیے ہمیشہ باعث صدمہ رہے گا۔سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی5ویں برسی پر اپنے پیغام میں بلاول زرداری نے کہا کہ انتہا پسندی و دہشت گردی درحقیقت امن و ترقی کی دشمن ہوتی ہے،دہشت گردوں کے سہولت کار اور سرپرست انسانیت کے مجرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذموم مقاصد کے حصول کی
خاطر انتہا پسندی و دہشت گردی کو بطور آلہ استعمال کیا گیا، اس کا مقصد مخصوص ایجنڈا مسلط کرنے کے لیے پوری قوم کو یرغمال بناکر شہریوں کو خوف میں مبتلا رکھنا تھا۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کا دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ دو ٹوک موقف رہا ہے اور اسی کی پاداش میں پیپلز پارٹی کو بہت قربانیاں دینا پڑی ہیں،پی پی قیادت سمیت بے شمار کارکنان کو اس جنگ کے دوران شہید کیا جاتا رہا ہے۔بلاول زرداری نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کا غم ہمارے لیے ہمیشہ باعث صدمہ رہے گا، جب تک ملوث قوتوں سے نبرد آزما نہیں ہوںگے تب تک یہ سانحہ ہماری تاریخ میں ایک دھبہ رہے گا،ہماری خصوصاً ان قوتوں کے خلاف لڑائی ہے جنہوں نے دہشت گردی کی آبیاری کی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے آمر سرپرستوں کے خلاف جدوجہد کے دوران قوم نے بہت بڑی قیمت ادا کی ہے ، دہشت گردوںکے ہاتھوں اپنی جان گنوانے والے60 ہزاربے گناہ شہریوں میں شہید بینظیر کا خون بھی شامل ہے،شہید بی بی کو دہشت گردی اور اس کی پرورش کرنے والی آمریت کے خلاف سینہ سپر ہونے کی پاداش میں قتل کیا گیا مگر اس کے باوجود پیپلز پارٹی انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار نبھاتی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت ہمیشہ مساوات پر مبنی،پر امن، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کے لیے سرگرم عمل رہی ہے، پیپلز پارٹی تمام پاکستانیوں کے حقوق کی لڑائی لڑتی رہے گی۔